ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے گھی آئل مل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،گھی اور آئل کے معیار پر مشاورت، قوانین سے متعلق آگاہ کیاگیا

64

لاہور۔8نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام تک معیاری آئل گھی کا فراہمی کا مشن آگے بڑھاتے ہوے گھی آئل مل ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید سے ملاقات کی جس میں گھی اور آئل کے معیار پر مشاورت، قوانین کے متعلق آگاہ کیاگیا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ گھی آئل کی ٹریسیبیلٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،معیار کی چانج کے لیے چیک لسٹ جاری کی جائے۔ پیکنگ، لیبلنگ اور معیار مقرر کردہ قوانین کے منافی ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

گھی آئل کے ہر پیک پر تیاری اور ایکسپائر ڈیٹ، بیج نمبر جیسی ضروری ہدایات درج ہونا لازم ہے۔ عاصم جاوید نے مزید کہا کہ خام مال، تیار بیج، پروسیسنگ، پیکنگ، سٹوریج کی چانج چیک لسٹ کے مطابق کرنا ضروری ہو گا۔فراڈ مافیا کا راستہ ہر صورت روکنا ہے، ہر ممکن اقدام کو یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب فوڈاتھارٹی کا مقصد گھی کے معیار میں بہتری لانے کے لیے انڈسٹری کی راہنمائی کرنا ہے۔

آئل مل ایسوسی ایشن ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے۔اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین گھی آئل مل ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ملاوٹ کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تمام تر اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔جنرل سیکرٹری گھی آئل مل ایسوسی ایشن نے بتایا کہ گھی میں ملاوٹ کرنے والوں کے خاتمے کے لیے ہر طرح سے پنجاب فوڈاتھارٹی کے ساتھ ہیں۔