راولپنڈی۔ 09 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عبداللہ خان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ضلعی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ، ضلعی ہیلتھ افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد ڈینگی کی روک تھام اور کنٹرول کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دینا تھا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں انڈور سرویلنس کے تحت یکم مئی سے اب تک 212443 گھروں کو چیک کیا گیا جن میں سے 1605 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی۔
آؤٹ ڈور رپورٹ کے مطابق 67252 مقامات کو چیک کیا گیا جن میں سے 375 مقامات پر ڈینگی لاروا ملا۔ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سال 2025ء میں مجموعی طور پر 291 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 328 مقامات کو سیل کیا گیا، 1205 چالان کیے گئے اور 696000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹیم ورک اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ڈینگی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سرویلنس اور پینیٹو ایکشن میں مزید بہتری لائی جائے اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہمات میں بھی تیزی لائی جائے۔