ایبٹ آباد۔ 22 مئی (اے پی پی):ڈی پی او تورغر سید مختار شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور کرائم کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیات نے شرکت کی۔ترجمان تورغر پولیس کے مطابق میٹنگ میں پولیس کارروائیوں، جرائم کی شرح اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈی پی او نے ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں، منشیات فروشوں، غیرقانونی کرایہ داروں٬ ناقص سیکورٹی والے مقامات، لاوڈ سپیکر ایکٹ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں اور اشتہاری مجرمان سمیت تمام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے گشت کے نظام، سرچ آپریشنز اور چیک پوسٹوں پر سیکورٹی کو مزید موثر بنانے پر زور دیا اور پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھیں۔
ڈی پی او نے پبلک لیزان کمیٹیوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے اور عوامی تعاون سے جرائم کے خاتمے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے پولیو مہم کے دوران فول پروف یسکورٹی انتظامات یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔ میٹنگ کے اختتام پر انہوں نے افسران کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے، پولیس کے وقار کو برقرار رکھنے اور عوامی اعتماد میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600070