کوہستان اپر۔ 18 نومبر (اے پی پی):ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر مختیار احمد نے داسو ڈیم اور دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ڈیم سائٹس اور چائنیز رہائشی کیمپس کا سیکورٹی سے متعلق دورہ کیا۔ دوران وزٹ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ڈیم سائٹس اور کیمپس کی سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیم پر کام کرنے والے غیر ملکی ورکرز کی فول پروف سیکورٹی کے احکامات جاری کئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کیمپس میں موجود چائنیز افسران، ڈپٹی پراجیکٹ منیجر غضوبہ کمپنی چھو، پراجیکٹ مینجمنٹ اور ٹاسک فورس کمانڈر کے ساتھ سیکورٹی کے حوالہ سے میٹنگ کی۔
میٹنگ میں سیکورٹی ایشوز، حالیہ تھریٹس، سیکورٹی کیلئے کئے گئے اقدامات، سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے تجاویز اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ ٹاسک فورس کمانڈر کے ساتھ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر، ڈائریکٹر سیکورٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر سیکورٹی اور ایس پی ایس ایس یو نے بھی شرکت کی ۔ ڈی ایس پی داسو عارف خان نے سی سی ای سی سی کمپنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر منیجر خوشا کے ساتھ میٹنگ کر کے چائنیز کی فول پروف سیکورٹی کے حوالہ سے بات چیت کی۔ پراجیکٹ سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مختیار احمد کی ہدایت پر داسو و ہربن بھاشا میں ڈسٹرکٹ پولیس اور ایس ایس یو فورس نے ایس ڈی پی او داسو عارف خان
ایس ڈی پی او سرکل شتیال گوہر وکیل خان اور ڈی ایس پی ایس ایس یو سعید خان کی زیر نگرانی پاک آرمی کے ساتھ مشترکہ موک ایکسرسائزز کیں۔ فرضی مشقوں کے دوران افسران اور جوانوں نے کیمپس کو دہشت گردوں کے محاصرے سے آزاد کروانے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ فرضی مشقوں کا مقصد جوانوں کو ہر قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رکھنا ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بروقت رسپانس دے سکیں۔