ڈیرہ غازی خان ، ضلعی انتظامیہ نے قابضین سے سرکاری سکول کی اراضی واگزار کرالی

108

ڈیرہ غازی خان۔ 04 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان کی ضلعی انتظامیہ نےقابضین سے سرکاری سکول کی اراضی واگزار کرالی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور ڈپٹی کمشنر محمدعثمان خالد کے احکامات پر سرکاری رقبہ واگزاری کے لئے گرینڈ آپریشن کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، پولیس افسران،ریونیو اور ایم سی سٹاف کی بدولت بھاری مشینری کی مدد سے پختہ گھروں کو مسمار کیا گیا۔کمشنر ڈی جی خان کی طرف سے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی کی سربراہی میں نامزد ٹیم نے منظم حکمت عملی کے تحت سرکاری رقبے کا کنٹرول حاصل کیا۔

ڈیرہ غازی خان کے وسط میں عیدگاہ چوک پر واگزار 5کنال شہری رقبہ گورنمنٹ کمپری ہینسوسکول انتظامیہ کے سپرد کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے واگزار رقبہ سکول پرنسپل شہزاد قیصرانی کے حوالے کیا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سرکاری اراضی واگزار کرانے کا عمل جاری رہے گا،50 سال سے قبضہ مافیا نے سرکاری سکول کے کھیل کے گراؤنڈ پر مکانات تعمیر کر رکھے تھے،کسی پریشر کی پرواہ کئے بغیر قابضین کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی

کامیاب آپریشن پر اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے سکول انتظامیہ واگزار کرائے گئے گراؤنڈ پر فوری سپورٹس سرگرمیاں شروع کروائے۔دوسری طرف شہریوں نے واگزار رقبہ آپریشن پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔