ڈینگی کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

162

اٹک۔ 17 نومبر (اے پی پی):انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اٹک عدنان انجم راجہ نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ایم ایس گورنمنٹ اسفندیاربخاری ہسپتال ڈاکٹرجوادالہی،ڈی ایچ او ڈاکٹرکاشف حسین ہیلتھ اور ایجوکشن کے افسران، ڈی ڈی ایچ اوز اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اےڈی سی جی اٹک نے تمام اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ انسداد ڈینگی مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں، ضلعی اور تحصیل انتظامیہ، سرکا ری اداروں اور بالخصوص محکمہ صحت کو چاہئے کہ وہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیےء اپنا بھر پور کر دار ادا کرے ،مہم میں دیگر محکموں کی بھی بھرپور معاونت کریں۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی جا نچنے کے لیے تیسری پارٹی کے ذریعے بھی نگرانی کی جارہی ہے اور ا ن کی کارکردگی کے متعلق اعلیٰ حکا م کو بھی رپورٹ ارسال کی جارہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے تمام ضلعی محکموں کوانسدادڈینگی مہم کی سرگرمیاں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک عدنان انجم راجہ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سرکاری دفاتر میں ڈینگی سے بچاؤ سے متعلق ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں اور عوام میں شعور بھی بیدار کریں۔انہوں نے اس موقع پر ضلع اٹک کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف اور خشک رکھیں تاکہ وہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔