ڈیوڈویلی کیریئر کے آخری میچ میں 100ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنے میں کامیاب

80
ڈیوڈویلی کیریئر کے آخری میچ میں 100ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنے میں کامیاب

ایڈن گارڈنز۔11نومبر (اے پی پی):انگلش فاسٹ بائولر ڈیوڈ ویلی کیریئر کے آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 100وکٹیں مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے، انہوں نے ہفتہ کو پاکستان کے خلاف کھیلے گئے ورلڈکپ میچ میں آغاسلمان کو آئوٹ کر کے 100ویں وکٹ مکمل کی،ڈیوڈ نے مجموعی طور پر 73ایک روزہ میچز کھیل کر 100وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے اور وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے 14ویں انگلش بائولر بن گئے ہیں،

اس سے قبل جیمز اینڈرسن، ڈیرن گف، عادل رشید، سٹورٹ براڈ، کرس ووکس، اینڈریوفلنٹوف، لیام پلنکٹ، ڈی فریٹاس، پال کولنگ ووڈ، بریسنن، معین علی ، گریم سوان اور سٹیون فن بھی یہ اعزاز پا چکے ہیں۔

ڈیوڈ ویلی نے یکم نومبر کو ورلڈکپ کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور گزشتہ روز پاکستان کے خلاف مقابلہ ان کے کیریئر کاآخری میچ تھا،وہ کیریئر کے آخری میچ میں پلیئر آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے گرین شرٹس کے خلاف 15رنز بنائے اور 3وکٹیں لیں۔

پوسٹ میچ انٹرویو کے دوران ڈیوڈویلی نے کہا کہ ورلڈکپ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی، بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی پرہمیشہ فخر محسوس کیا ہے،میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے فتح کے ساتھ کیریئر کا اختتام کیا ہے، انگلش ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، امید ہے کہ وہ مستقبل میں شاندارکرکٹ کھیل کرملک کیلئے فتوحات حاصل کرے گی۔ڈیوڈ ویلی نے 73ون ڈے، 43ٹی ٹونٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کی۔