کئی روز محاصرہ کے بعد 41 نومولود بچوں کو الشفا ہسپتال سے نکال لیا گیا ،محمد زقوت

79
کئی روز محاصرہ کے بعد 41 نومولود بچوں کو الشفا ہسپتال سے نکال لیا گیا ،محمد زقوت

غزہ۔20نومبر (اے پی پی):غزہ کے ہسپتالوں کے ڈائریکٹر محمد زقوت نے اعلان کیا ہے کہ کئی روز کے محاصرہ کے بعد بالآخر غزہ کے شفا میڈیکل کمپلیکس سے قبل از وقت پیدا ہونے والے تمام 41 بچوں کو نکال لیا گیا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز بچے مصر کے شہر رفح کے اماراتی ہسپتال پہنچے جن میں سے 3 بچے راستہ میں ہی دم توڑ گئے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بچوں کو مصر منتقل کر دیا جائے گا۔

مصرکے مقامی میڈیا کے مطابق یہ سب اس وقت ہوا جب رفح کراسنگ سے ایمبولینسز غزہ میں داخل ہوئیں تاکہ بچوں کو صحت کی دیکھ بھال کے لیے مصر کی طرف لے جایا جا سکے۔فلسطینی ہلال احمر نے وضاحت کی کہ اس کی ایمبولینس کے عملے نے گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی کے ساتھ مل کر غزہ کے الشفا ہسپتال سے قبل از وقت پیدا ہونے والے درجنوں بچوں کو نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں کہا کہ قبل از وقت نومولود بچوں کو چند روز قبل محصور طبی مرکز سے ایمبولینسز کے ذریعے جنوب میں منتقل کیا گیا تھا۔ ان بچوں کو مصر کے شہر رفح میں امارات کے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔ فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ بچوں کو نکالنے سے قبل 120 زخمی الشفا ہسپتال میں موجود تھے۔