اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کابینہ نے20 ادویات کی قیمتوںمیں کمی کی منظوری دے دی ہے،مختلف بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ منگل کو وزات قومی صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کابینہ نے20 ادویات کی قیمتوںمیں کمی کی منظوری دے دی ، زیادہ تر ادویات کی قیمتوں میں کمی 30 فی صد ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ مختلف بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ بلڈ پریشر، کینسر اور آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 54 نئی ادویات کی قیمتیں فکس کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی ادویات کینسراور مختلف بیماریوں میں استعمال ہوں گی ۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں سات سو فی صد تک اضافہ کیا۔ ڈریپ میں میرٹ اور شفافیت کے نظام کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں ۔ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ عوام کی خدمت اور ان کو طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا حقیقی مشن ہے۔