کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، حیدرآبادسکھرموٹروے کی بی او ٹی کی بنیادپرتعمیر کے لئے 9500 ملین روپے کی ضمانت کے اجراء اوراین ڈی ایم اے کیلئے 12 ارب روپے کی منظوری

209

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے حیدرآباد سکھرموٹروے کی بلٹ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفرکی بنیادپرتعمیر کے ضمن میں حکومت پاکستان کی 9500 ملین روپے کے ضمانت کے اجراء اوراین ڈی ایم اے کیلئے 12 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں کئی وزارتوں اورڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس پیرکویہاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرصنعت وپیداوارسید مرتضیٰ محمود، سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی، وزیرمملکت خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت پٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی محصولات طارق محمودپاشا، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت مواصلات کی سمری پر حیدرآباد سکھر موٹروے کی بلٹ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفرکی بنیادپرتعمیر کے ضمن میں حکومت پاکستان کی 9500 ملین روپے کے ضمانت کے اجراء کی منظوری دی گئی۔این ڈی ایم اے کی سمری پرای سی سی نے کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے ریلیف آئٹم کے سٹاک کی خریداری کیلئے 12 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کی 49 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کی فکسیشن کے حوالہ سے سمری پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔

اجلاس کوبتایاگیا کہ ان ادویات کی قیمتیں پڑوسی ممالک کے مقابلہ میں کم ہے اوران میں سے زیادہ ترادویات پہلی بارمتعارف کرائی جارہی ہے، ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی۔۔ اجلاس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ کیلئے وزارت ہوا بازی کیلئے 839.12 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 120.450 ملین روپے، مختلف ذرائع سے حاصل خدمات کی مد میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 14 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 175 روپے، وزارت انسانی حقوق کیلئے 116.49 ملین روپے، وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 70 کروڑ روپے، پشاور کے علاقہ شاکس میں فاٹا لیویز سنٹر کے قیام کیلئے 48 ملین روپے، یو این امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والے سول آرمڈ فورسز کو ادائیگیوں کیلئے وزارت داخلہ کو 470.82 ملین روپے،

خیبرپختونخوا کے علاقہ مچنی میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کیلئے تربیتی کیمپ کے قیام کی مد میں 66.336 ملین روپے، وزارت داخلہ کیلئے 347.99 ملین روپے، سوات میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 49.5 ملین روپے، جامشورو کول فائرڈ پاور پراجیکٹ کیلئے 9 ہزار 145 ملین روپے، وزارت پارلیمانی امور کیلئے 48.429 ملین روپے اور نیکٹا کیلئے 110.653 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔