کابینہ کے وفد کا ستارہ مارکیٹ میں ون ونڈو احساس سینٹر کا دورہ، غریبوں کے لئے فراہم کردہ سہولیات کی تعریف

93

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):کابینہ ارکان کے ایک وفد نے منگل کو صبح ستارہ مارکیٹ، اسلام آباد میں احساس کے ون ونڈو سینٹر کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وفد کو احساس کی ون اسٹاپ شاپ سروسز کے بارے میں بریفنگ دی جو 14 مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے تمام فوائد کو یکجا کرتی ہیں۔

وفد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر ،وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود; وفاقی وزیر برائے سمندری امور علی حیدر زیدی، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار؛ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب شامل تھے۔ وفد نے احساس کی وسیع سہولیات اور خدمات کا مشاہدہ کرنے کے لیے مرکز کا دورہ کیا اور مستحقین سے ملاقات کی ۔

ڈاکٹر ثانیہ نے کہاونڈو سینٹرز کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ایک عام آدمی کو احساس پروگراموں تک رسائی کے لیے سنگل ونڈو کے ذریعے سہولت فراہم کی جا سکیں۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ احساس کی ون اسٹاپ شاپ وزیر اعظم کے ریاست مدینہ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جہاں پسماندہ افراد احساس کفالت، احساس اسکول وظائف، احساس نشوونما، احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپس، احساس لنگرخانوں،احساس بلاسود قرضوں اور احساس تحفظ تک ایک ہی چھت کے نیچے رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ غریبوں کی فلاح و بہبود سے متعلق احساس کے تمام پروگراموں کو ایک ہی جگہ پر پیش کیا جا رہا ہے، خاص طور پر احساس اسکول وظائف غریب ترین خاندانوں کے بچوں کو ان کی اعلیٰ ثانوی تعلیم کے ذریعے فائدہ پہنچا رہے ہیں۔وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار نےکہا کہ یہ مرکز فلاحی ریاست کا حقیقی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام 3,700 یوٹیلیٹی اسٹور آؤٹ لیٹس احساس راشن سبسڈی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جوہماری حکومت کا 20 ملین پسماندہ خاندانوں کو COVID کی وجہ سے مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے ایک خصوصی اقدام ہے۔ احساس کی جانب سے سیکرٹری عصمت طاہرہ، ڈی جی نور رحمان، ڈی جی نوید اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز سید طحہ عزیز مگرابی بھی موجود تھے۔