کار کمال ویلفیئر آرگنائزیشن کا رمضان المبارک میں افطار کا اہتمام ، مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم

302

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):کار کمال ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان نے رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں 1700 سے زائد افراد کے لیے افطار کا اہتمام کیا ہے جبکہ 70مستحق خاندانوں میں راشن پیک تقسیم کیے گئے ۔ کار کمال ویلفیئر آرگنائزیشن کےنائب صدر ارحم ظفر واہلہ کے مطابق یہ تنظیم 21 شہروں میں محض طلبہ کی قوت ارادی اور خلق خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کر رہی ہے۔کار کمال بہاولپور چیپٹر نے گزشتہ دو برس میں بہاولپور کے بیسیوں مستحق خاندانوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے راشن پہنچانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

کارکمال کے تحت مستحق طلبہ کی سکول فیس کے متعدد کیسز نمٹائے گئے، بہاولپور چیپٹر اب تک اپنی بلڈ ڈونیشن سوسائٹی کے ذریعے سینکڑوں قیمتی جانیں بچا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں مختص خاندانوں کو راشن پہنچانے کے ساتھ ساتھ دسترخوان کمال کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر 100 سے زائد افراد کو افطار کروایا جاتا ہے۔ مزید برآں جمعةالمبارک کے روز وسیع پیمانے پر افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں 1700 سے زائد افراد کے لیے افطار کا اہتمام کیا گیا جس کے لیے طلبہ نے نہ صرف 2 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مخیر حضرات سے جمع کی بلکہ اس کے درست استعمال کو بھی یقینی بنایا۔

ارحم ظفر کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے پہلے 74 خاندانوں کے درمیان رمضان پیکیج تقسیم کیے گئے جن میں ماہ مبارک کے دوران استعمال کی ضروری اشیاء شامل تھیں،مزید 22 خاندانوں کو ریگولر راشن بیگ بھی پہنچائے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں قریباً ساڑھے چار لاکھ روپے کی خطیر رقم استعمال ہوئی ، ارحم ظفر نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس نیکی کی راہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور سفید پوش مستحق لوگوں کی مدد کے اس عظیم مقصد میں کار کمال بہاولپور چیپٹر کا ساتھ دیں۔