اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت ووزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے کاروباری شعبے اور لیبر فورس میں خواتین کی شرکت بڑھانے پر زور دیا ہے کیونکہ وہ معاشرے کی ترقی میں بڑااہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آرڈبلیو سی سی آئی) کے زیر اہتمام خواتین کو بااختیار بنانے اور معیشت میں کاروباری خواتین کے کردار کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی کیا۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ترقی پذیر معیشتوں کے لیے بہت اہم ہیں۔ ان اداروں کو اپنے کاروبار کو چلانے کے لیے بھاری رقومات کی ضرورت نہیں ہوتی اور مالکان آسانی سے ان کا انتظام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر دیہی علاقوں میں خواتین، کسانوں،، کاروباری خواتین، کاریگروں، کاروباریوں، اور کمیونٹی لیڈروں کے طور پر نمایاں تبدیلی کے ایجنٹ بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کاروبار میں خواتین کی بھر پور شرکت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ان کا خیال تھا کہ کاروباری خواتین مواقع ملنے کی صورت میں ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دینے اور خواتین کو مقامی سطح پر اپنا چھوٹا کاروبار چلانے کی تربیت دینے کے لیے آر ڈبلیو سی سی کے کردار کی تعریف کی۔قبل ازیں وزیر مملکت تسنیم احمد قریشی، گروپ لیڈر آر ڈبلیو سی سی، وائس چیئرپرسن سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چیئرپرسن نیشنل بزنس ویمن کونسل، حنا منصب خان نے انہیں بااختیار بنانے میں آر ڈبلیو سی سی کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انھوں نے آر ڈبلیو سی سی ئم کے معاملات کو چلانے کے لیے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور کاروباری خواتین کے لیے قرض حاصل کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے وزیر مملکت سے تعاون کی درخواست کی۔معاون خصوصی تسنیم قریشی نے آر ڈبلیو سی سی آئی کے اراکین کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔