کاشتکار سورج مکھی کے کمزور پودوں کو اکھاڑ کر نکال دیں اور چھدرائی کا عمل مکمل کریں،ترجمان محکمہ زراعت

91
Department of Agriculture
Department of Agriculture

ملتان۔ 11 مارچ (اے پی پی):کاشتکار سورج مکھی کے کمزور پودوں کو اکھاڑ کر نکال دیں اور چھدرائی کا عمل مکمل کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق سورج مکھی کی پلانٹر یا ڈرل سے کاشت کی صورت میں اگاؤ کے بعد فالتو اور کمزور پودوں کو اکھاڑ کر نکال دیں اور چھدرائی کا عمل مکمل کریں۔ پودوں کا باہمی فاصلہ 9 انچ رکھیں۔وٹوں یا پٹریوں پر کاشت کی صورت میں آبپاشی فصل کی ضرورت کے مطابق کریں۔

ڈرل سے کاشت فصل کو پہلا پانی لگانے سے پہلے کم از کم ایک مرتبہ گوڈی ضرور کریں اور جب پودے کا قد ایک فٹ اونچا ہو جائے تو ان کی جڑوں پر مٹی چڑھا دیں جس سے جڑی بوٹیاں بھی تلف ہو جائیں گی اور آندھی آنے یا فصل پکنے پر پودا گرنے سے بھی بچ جاتا ہے۔فصل کا معائنہ باقاعدگی سے کریں۔کیڑوں اور بیماریوں کے حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملہ سے رابطہ رکھیں اور ان کے مشورہ پر عمل کریں۔

کمزور زمین میں پہلے پانی کے ساتھ آدھی بوری، دوسرے پانی کے ساتھ ایک بوری اور پھول کی ڈوڈیاں بنتے وقت آدھی بوری یوریا ڈالیں جبکہ اوسط زرخیز زمین میں پہلے پانی کے ساتھ آدھی بوری، دوسرے پانی کے ساتھ آدھی بوری اور پھول کی ڈوڈیاں بنتے وقت آدھی بوری یوریا ڈالیں۔پہلا پانی روئیدگی کے 20 دن بعد اور دوسرا پانی پہلے کے 20 دن بعد لگائیں۔