کاشتکاربھنڈی توری کی فصل سال میں 2مرتبہ فروری مارچ اور جون جولائی میں کاشت کرسکتے ہیں،ترجمان آری

242
کاشتکاربھنڈی توری کی فصل سال میں 2مرتبہ فروری مارچ اور جون جولائی میں کاشت کرسکتے ہیں،ترجمان آری

لاہور۔ 29 جنوری (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ کاشتکاربھنڈی توری کی فصل سال میں 2مرتبہ فروری مارچ اور جون جولائی میں کاشت کرسکتے ہیں جبکہ اس کی سبز پری نامی قسم بہترین نتائج کی حامل ہے اسلئے کاشتکارمذکورہ مشہور قسم کی کاشت سے اچھی پیداوار حاصل کرسکتے ہیں نیزانہیں بھنڈی توری کی بوائی کیلئے اچھے اگاؤ والا 10سے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے جس سے بمپر کراپ یقینی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ا گر کاشت کے وقت مطلع ابر آلود اوردرجہ حرارت20ڈگری سینٹی گریڈسے کم ہو توبھنڈی توری کی کاشت نہ کی جائے کیونکہ اس سے بیج کااگاؤ متاثر ہوسکتاہے تاہم بیج کے بہترین اگاؤ اور بڑھوتری کیلئے درجہ حرارت 20 سے30ڈگری سینٹی گریڈ ہونا موزوں ہے۔

انہوں نے بتایاکہ فروری مارچ میں کاشتہ فصل سے پیداوار اگست ستمبر تک جبکہ جولائی اگست میں کاشتہ فصل سے پیداوار اکتوبر نومبر میں حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار تیار شدہ زمین میں 75 سینٹی میٹر کے فاصلے پر پٹڑیاں بنا کر اس کے دونوں طرف 2سینٹی میٹر گہری لکیریں نکال لیں اور بیج کا کیرا کریں۔انہوں نے کہاکہ 22 سینٹی میٹرکے فاصلے پر 3سے4 بیجوں کو چوکاکرکے بھی لگایاجاسکتاہے۔