فیصل آباد۔ 05 مئی (اے پی پی):بہاریہ مکئی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکئی کے پھول آنے سے دانہ بننے تک مکئی کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں کیونکہ اس سے فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے جبکہ بہاریہ مکئی کی فصل پر کونپل کی مکھی اور مکئی کے گڑوؤں کا حملہ بھی ہو سکتا ہے لہٰذا اگر بہاریہ مکئی کی فصل پر کسی قسم کی بیماری کا حملہ ظاہر ہو تو فوری طور پر اس کے انسداد کیلئے تدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت(توسیع) فیصل آباد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاریہ مکئی کی اگلی فصل کی بوائی کیلئے خالص اور معیاری بیج تیا ر کرنا چاہیے جس کیلئے ضروری ہے کہ بیج خالص قسم کا ہو۔انہوں نے کہا کہ تندرست اور جڑی بوٹیوں سے پاک بیج بہترین فصل دینے کاضامن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت اور سفارش سے اگلی فصل کیلئے مکئی کا بیج تیار کیا جائے اور یہ بیج ان کھیتوں سے انتخاب ہونا چاہیے جہاں دو دو، تین تین ایکڑ تک مکئی کی کوئی دوسری قسم موجود نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکاروں کو کسی قسم کی کوئی مشکل درپیش ہو یا وہ مزید مشاورت کرنا چاہیں تو اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ سمیت محکمہ کی فری ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592719