کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کیلئے ٹنل میں ٹماٹر کی دوغلی و ہائبرڈ اقسام کاشت کرنے کی ہدایت

178
کاشتکاروں کو ٹماٹر کی شاندار فصل حاصل کرنے کیلئے ٹنل میں سالار ایف ون، ساحل ایف ون، نقیب کی کاشت کا مشورہ

فیصل آباد۔ 15 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی شاندار فصل حاصل کرنے کیلئے ٹنل میں سالار ایف ون، ساحل ایف ون، نقیب کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ مذکورہ اقسام کی کاشت سے ٹماٹر کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق ٹماٹر کی ٹنل میں کاشت کیلئے دو طرح کی اقسام سے استفادہ کیاجاسکتاہے جن میں ایک لمبے قد والی دوسری چھوٹے و درمیانے قد والی قسم شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حالیہ تجربات سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ ٹنل میں کاشت کیلئے ٹماٹر کی دوغلی یعنی ہائبرڈ اقسام زیادہ موزوں ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی سالار ایف ون قسم عمومی کاشت کیلئے منظور کی گئی ہے جو 72 ٹن فی ایکڑ تک پیداوار دیتی ہے۔

اسی طرح ساحل ایف ون نامی لمبے قد والی امپورٹڈ قسم میں ٹماٹر کاسائز قدرے بڑا اور شکل لمبوتری دل نما ہوتی ہے اور یہ قسم بھی اچھی پیداواری صلاحیت کی حامل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ نقیب نامی قسم چھوٹے قدکی عمومی کاشت کیلئے منظور شدہ ہے جو 21 سے 25 ٹن فی ایکڑ پیداوار دیتی ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ٹماٹر، مرچ، بینگن، کھیرے، چپن کدو کی فصل کو کورے سے بچانے کیلئے سرکنڈے یا پرالی سے ڈھانپنے کی بھی ہدایت کی اور کہاکہ سردی میں اضافہ اور خشک سالی کے باعث کورے کی شدت میں بھی اضافہ ہوتاجارہاہے لہٰذا دھندوسموگ کے دوران رات کے اوقات میں کاشتکار سبزیات کو کورے سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ فصل کو نقصان پہنچنے سے بچایاجاسکے۔

انہوں نے بتایاکہ چونکہ بارش نہ ہونے اور دھند کی شدت میں اضافہ کے باعث کورے کے عمل کے دوران زمین کے قریب کی ہوا سرد ہو جاتی ہے اور سرد ہوا کے گرم ہوا کی نسبت بھاری ہونے کی وجہ سے یہ رات کو کورے کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس سے فصلات خصوصاً سزیات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے۔

انہوں نے کہاکہ سبزیات کی کامیاب اور نفع بخش کاشت کاانحصار ان کی حساسیت کے باعث مناسب دیکھ بھال پر ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ موسم سرما کے دوران سردی، دھند اور کورا سبزیات کو بری طرح متاثرکرتاہے لہٰذاانہیں موسمی اثرات سے بچانے کیلئے بروقت حفاظتی تدابیر اختیار کرناضروری ہے۔