سرگودھا۔ 02 نومبر (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ گندم کی کاشت کو 20نومبر تک یقینی بنائیں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہوسکے۔ڈپٹی کمشنرز اور زراعت افسران کسانوں کی بھر پور راہنمائی کریں ۔ ٹارگٹ کے حصول کے لئے کسان ونمبر دار ز کنونشن کئے جائیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر زراعت افسران سے ترتیب کردہ شیڈول لے کر خود فیلڈ میں جا کر گندم کی کاشت کا جائزہ لیں ۔ یہ احکامات انہوں نے ڈویژنل گندم کاشت کمیٹی کے دوسرے جائزہ اجلاس میں جاری کئے۔ اجلاس کو ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے بتایا کہ سرگودہاڈویژن میں امسال گندم کی کاشت کا 17 لاکھ 40ہزار ایکڑ رقبہ ہدف مقرر کیاگیا ہے اور اب تک 4 فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیاگیاہے ۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ساڑھے 12ایکڑ سے 25 ایکڑ تک گندم کی کاشت والے ایک ہزار کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی لیزلیول مفت دینے کا اعلان کیاہے جبکہ 25 ایکڑ سے زائد گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں میں ایک ہزار گرین ٹریکٹر مفت تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سطح پر بہترین پیداوار حاصل کرنے والے گندم کے کاشتکاروں کو بالتریب 10 لاکھ 7 لاکھ اور 5 لاکھ روپے بطور انعام دیاجائیگا۔ ڈائریکٹر زراعت نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں دھان کی 65 فیصد کٹائی مکمل ہوچکی ہے ۔ گندم کی بوائی جاری ہے او راعلیٰ معیار کے بیج وکھاد بھی وافرمقدار میں دستیاب ہیں ۔
انہوںنے بتایا کہ سرگودہا ڈویژن کے ایک ہزار 272 خوش نصیب کسانوں کو گرین ٹریکٹر کے اتھارٹی لیٹر کا 4 نومبر سے اجراءشروع کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کسان کارڈ کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ کسانوں کیلئے کر دیا ہے ۔ ضلع خوشاب میں ٹماٹر کی کاشت کا 14سو ایکڑ مقررہ ٹارگٹ کے مقابلے میں 18 سو ایکڑ حاصل کیاگیاہے ۔ ٹماٹر کے کاشت پر ایک لاکھ روپے سبسڈی بھی دی جارہی ہے ۔
انہوںنے مزید بتایاکہ سرگودہامیں ایگری مال کا تعمیراتی کام دن رات جاری ہے جہاں کاشتکاروں کو ایک چھت تلے کھاد ، بیج اور زرعی مشینری دستیاب ہو گی ۔ اس طرح چھوٹے کاشتکاروں کو کرایہ پر زرعی آلات بھی مل سکیںگے۔ ان کا بتانا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایگری ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت زر عی مشینری کی رعایتی نرخوں پر حصول کیلئے درخواستیں جمع کروانے کی مدت 20نومبر تک بڑھا دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ سموگ کنٹرول پروگرام کی خلاف ورزی کرنے والے کاشتکاروں کے خلاف بھی کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں ۔