کامسٹیک ایوارڈز 2023 کی نامزدگی کے لئے سائنس دان اور محققین31 مارچ تک درخواست جمع کرواسکتے ہیں

125
Comstec
Comstec

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ذیلی ادارہ کامسٹیک اس سال9کیٹیگریز میں کامسٹیک ایوارڈز کے لیے درخواستیں وصول کر ے گا۔ کامسٹیک کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وہ سائنس دان اور محققین جو او آئی سی کے رکن ممالک کے شہری ہیں اور اس وقت اسلامی تعاون تنظیم کے ممبر ملک میں کام کررہے ہیں وہ31 مارچ تک ان ایوارڈز کے لیے نامزدگی جمع کروانے کے اہل ہیں۔

کامسٹیک اس سال بنیادی سائنسز، فزکس اور ریاضی کے شعبوں میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے لیے درخواستیں وصول کررہا ہے جبکہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں ایکسی لینس ایوارڈ کے لیے جس میں ینگ ریسرچر ایوارڈ، بہترین سائنسی کتاب کا ایوارڈ، بہترین پیٹنٹ ایوارڈ، اور حیاتیات، کیمیا، ریاضی، اور طبیعیات میں بہترین ریسرچ پیپر ایوارڈ شامل ہیں کے لئے درخواستیں وصول کررہا ہے۔

کامسٹیک ان ایوارڈز کے ذریعے او آئی سی کے رکن ممالک میں کام کرنے والے اور رہنے والے سائنسدانوں کے شاندار تحقیقی کام کو سراہتا اور اجاگر کرتا ہے۔ یہ ہر ایوارڈ ایک سرٹیفکیٹ، شیلڈ آف آنر اور نقد انعام پر مشتمل ہوتا ہے، بنیادی علوم کے ایوارڈ یافتگان کو یہ ایوارڈصدر پاکستان دیں گے۔