اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو حکومت کا خوش آئند اقدام ہے ، اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے ، اس ایونٹ سے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے مواقعے ملیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے تحت انٹر یونیورسٹی جوڈو گرلز فائنل مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ شاہد اسلام ، ایچ ای سی کے سپورٹس ڈائریکٹر جاوید میمن اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہاکہ کامیاب جواب پروگرام ڈرائیو کے انعقاد پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ۔
انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام بہت اچھا اقدام ہے ، آنے والے وقت میں اس طرح کے ایونٹ ہونے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں ۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام ڈرائیو حکومت کا خوش آئند اقدام ہے ، اس ڈرائیو کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے اور ان کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مزید مواقع فراہم کریں گے تاکہ انہیں آگے مواقع مل سکیں ۔ وزیر مملکت نے کہاکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی نوجوانوں کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں اور اس ایونٹ میں انہوں نے زبردست اقدامات کئے ہیں جو کہ اس سے قبل اس طرح ایونٹ بہت کم دیکھنے کو ملے ہیں ۔