کاٹیج و چھوٹی صنعتوں کی مالی ضروریات کو پورا کر کے معاشی ترقی کی رفتار کو مختصرمدت میں دوگنا کیا جا سکتا ہے،سجاد ارشد

99
چھوٹی صنعتوں

فیصل آباد ۔ 31 اگست (اے پی پی):فیصل آباد ترقی کے لا محدود مواقعوں کی سرزمین ہے جس کی کاٹیج انڈسٹری اور چھوٹی صنعتوں کی مالی ضروریات کو پورا کر کے معاشی ترقی کی رفتار کو انتہائی مختصر مدت میں دوگنا کیا جا سکتا ہے۔

ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے سینئرنائب صدرڈاکٹر سجاد ارشدنے صنعتی و بزنس کمیونٹی کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کہا کہ اس شہر کی بڑی تعداد کاٹیج اور ایس ایم ای سیکٹر سے منسلک ہے جو غیر دستاویزی معیشت کا حصہ ہیں اور اس وجہ سے وہ بینکوں سے کام کرنے کو تیار نہیں تاہم اگر ان کے مالی مسائل حل کر دیئے جائیں تو اس سے نہ صرف غربت کا خاتمہ بلکہ معیشت کوبھی ٹھوس بنیادوں پر استوار کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر کمرشل بینک،سٹیٹ بینک کی رعایتی سکیموں کو پروموٹ کرنے کی بجائے اپنی پراڈکٹس پر زیادہ توجہ دیتے ہیں کیونکہ ان میں منافع کی شرح نسبتاً زیادہ ہوتی ہے لہٰذا چھوٹے اور غیر منظم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر قرض دیئے جائیں کیونکہ ان میں نادہندگان کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے چھوٹے تاجروں کی رننگ کیپیٹل کی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے نئی سکیم متعارف کرانے پر بھی زور دیا تاکہ ان کیلئے مزید کاروباری آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ خواتین ہمارے معاشرے اور معیشت کا اہم ترین حصہ ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین چیمبر کی ممبران کو بھی تھوڑے سرمائے کی اشد ضرورت ہوتی ہے جس سے وہ اپنے کاروبار کو تیزی سے بڑھا سکتی ہیں اسلئے معیشت کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے کاٹیج اور ایس ایم ای سیکٹر پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینا ہو گی۔