کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے نعیم راشد کی اہلیہ کے الفاظ اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ﷺ پر ایمان کی حقیقی قوت کو سمجھنے کے لئے کافی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا ٹویٹ

175

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملے میں شہید ہونے والے نعیم راشد کی اہلیہ عنبرین نعیم کے جرات مندانہ کلمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ اسلامی عقیدے اور ایمان کی حقیقی طاقت کے غماز ہیں۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ مسلم دنیا کے اندر اور باہر سب لوگوں کے لئے شہید نعیم راشد کی اہلیہ کے الفاظ اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ﷺ پر ایمان کی حقیقی قوت کو سمجھنے کے لئے کافی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عقدہ بھی کھل جانا چاہیے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر ایمان انسانوں کی کایا پلٹتے ہوئے کیسے انہیں اس قدر طاقتوراور دوسروں سے محبت کرنے والا بناتا ہے کہ وہ ایسے سفاک قاتل اور دہشت گرد کے بارے میں بھی اپنے دل میں رحم کے جذبات رکھتے ہیں جس نے ان سے ان کے پیاروں کو چھینا۔ یاد رہے کہ نعیم راشد شہیدکی اہلیہ اور 21 سالہ طلحہٰ شہید کی والدہ عنبرین نعیم نے نیوزی لینڈ میں ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر اور بیٹے نے دیگر لوگوں کو بچاتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ یہی اسلام کا درس ہے۔ جو امن اور محبت کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم راشد ایک بہادر انسان تھے۔ وہ دوسروں سے محبت اور ان کی مدد کرنے والے شخص تھے۔ انہوں نے کہاکہ جب آپ انسانوں سے محبت کرتے ہیں تو وہی کچھ کرتے ہیں جو نعیم راشد نے کیا۔ انہوں نے لوگوں کی زندگی بچانے کی کوشش کی کیونکہ وہ ایک محبت کرنے والے شخص تھے۔ ایک سوال کے جواب میں عنبرین نعیم نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ میرا عقیدہ ہی وہ واحد چیز ہے جو مجھے مضبوط رکھے ہوئے ہے۔ در حقیقت مجھے اس دہشت گرد پر افسوس ہے۔ مجھے اس پر ترس آ رہا ہے کہ اس کے دل میں محبت نہیں نفرت تھی اور وہ امن کی وہ طمانیت محسوس نہیں کرسکتا جو ہم کر سکتے ہیں ۔ اپنے بیٹے طلحہٰ شہید کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ اپنے بچپن میں ہی دوسروں کا خیال رکھنے والا بچہ تھا۔ وہ ہمارے بچوں کے لئے بھی بہت متاثر کن تھا اور ہم اپنے بچوںکو کہتے ہیں طلحہ جیسے بنو۔ جب عنبرین نعیم سے سوال کیا گیا کہ وہ دوبارہ مسجد جائیں گی تو انہوں نے برجستہ کہا کہ جی بالکل، یہی وہ چیز ہے جو میں نے اس سے سیکھی ہے، کوئی چیز مجھے نہیں روک سکتی۔ اس نے مجھے مضبوط تر بنایا ہے۔ مجھے ہی نہیں بلکہ میں نے اپنی بہنوں سے بھی یہی بات سنی ہے۔ اس نے ہمیں مضبوط تر بنایا ہے۔