اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کرائے پر دی جانے والی جائیدادوں پرعائد ٹیکسز کی مد میں26 فیصد ز ائد وصولیاں کی ہیں۔ ایف بی آر حکام نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2018-19ءکے ابتدائی 10ماہ جولائی تا اپریل کے دوران کر ائے پر دی جانے والی جائیدادوں پرعائد ٹیکسز کی مد میں16 ارب روپے کے ٹیکس اکٹھے کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران اس مد میں12.7 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی تھیں۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران ٹیکسز کی وصولیوں میں3.3 ارب روپے یعنی 26فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر نے کرائے کی جائیدادوں پر کاروبارکرنے والے بینکوں، نجی تعلیمی اداروں، ہسپتالوں سمیت دیگر کاروباروں کی مانیٹرنگ کا عمل شروع کیا ہے جس سے ٹیکس کی وصولی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔