کراچی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانا پاک چین دوستی پر حملہ ہے، مجرموں کو گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنا یا جائے گا، وزیر داخلہ

76

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے جامعہ کراچی دھماکے کے مجرموں کو گرفتار کرنے اور عبرت کا نشان بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کراچی جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان اپنے چینی بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کرتا ہے، یہ ہمارا مشترکہ غم ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانا پاک چین دوستی پر حملہ ہے، پوری قوت کے ساتھ اس دہشت گردی سے نمٹیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے حقائق معلوم کریں گے اور تحقیقات سے عظیم دوست چین کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی کے تمام آپریٹس کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد مزید موثر اقدامات کریں گے اور باریک بینی سے ہر پہلو کی جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی