کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کے لئے 174 رنز کا ہدف دے دیا

191

کراچی۔16فروری (اے پی پی):کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کے لئے 174 رنز کا ہدف دے دیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی (نیشنل بینک کرکٹ ایرینا) میں کھیلے جارہے ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے چوتھے میچ میں کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنائے ہیں اور اس طرح یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کے لئے 174 رنز کا ہدف ملا ہے۔

جیمز ونس کے مجموعی اسکور 5 رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں شرجیل خان اورحیدر علی 77 رنز کا اضافہ کیا لیکن مجموعی اسکور 82 رنز پر شرجیل خان 26 گیندوں پر 4 چوکے اور ایک چھکا کی مدد سے 34 رنز بناکرٹام کرن کی گیند پر کولن منرو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ کچھ ہی دیر بعد حیدرعلی بھی اپنی نصف سینچری بناکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 45 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے اور وہ فہیم اشرف کی گیند پررسی وان ڈیر ڈوسن کے ہاتھو کیچ آئوٹ ہوئے۔

بدقسمتی سے اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر عماد وسیم بھی کوئی رنز بنائے بغیرمحمد وسیم کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔عرفان خان نے 19 جبکہ وکٹ کیپر میتھیو ویڈ اور شعیب ملک 18، 18 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔جیمز فلر اور اینڈریو ٹائی بالترتیب 12 اور ایک رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے 30، محمدوسیم نے 38 اور ٹام کرن نے 42 رنز دیکر 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

قبل ازیں سلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈکی پلئینگ الیون میں حسن نواز، پال سٹرلنگ، کولن منرو، رسی وان ڈیر ڈوسن، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان(وکٹ کیپر)، آصف علی، فہیم اشرف، ٹام کرن، وسیم جونیئر اور رومان رئیس شامل ہیں جبکہ کراچی کنگز کی پلئینگ الیون میں جیمز ونس، شرجیل خان، حیدر علی، شعیب ملک، میتھیو ویڈ (وکٹ کیپر)، عماد وسیم (کپتان)، عرفان نیازی، جیمز فلر، اینڈریو ٹائی، موسی خان اور محمد عامر شامل ہیں۔