کراچی۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):جاپان کے مافوق الفطرت راکھشسوں کی 3 روزہ سفری نمائش "یوکائی پریڈ” پیر کے روز سٹیٹ بینک آف پاکستان کے میوزیم اور آرٹ گیلری میں شروع ہو گئی جس کا اہتمام جاپان فاؤنڈیشن نے جاپانی قونصل خانے کے تعاون سے کیا ہے۔
ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کراچی میں جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری مسارو کے ہمراہ اس تین روزہ نمائش کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش پیر سے بدھ تک جاری رہے گی جس میں بڑی تعداد میں لوگ جاپان کی یوکائی اور اس کی پراسرار ثقافت کو دیکھیں گے۔
روایتی تصویروں کے سکرول اور نیشیکی سے لے کر روزمرہ کے کھلونے اور یوکائی کی دلچسپ دنیا کے بارے میں فلمیں اور قدیم جاپان کے مافوق الفطرت تخیل کے بارے میں فن پارے رکھےگئے ہیں۔افتتاحی تقریب میں مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملیحہ راؤ نے اس موقع پر "یوکائی پریڈ” کے حوالے سے آگاہ کیا۔ مہمان خصوصی سلیم اللہ، جاپانی قونصل جنرل اور دیگر مہمانوں سمیت شرکا نے گیلری کا دورہ کر کے نمائش کو دیکھا اور ملیحہ راؤ نے نمائش کے حوالے سے آنے والوں کو بریفنگ دی۔