اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور بھارت نے کرتارپور راہداری کھولنے سے متعلق بعض تکنیکی پہلوئوں و تفصیلات پر اتفاق کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ دیگر طریقہ کار کو بھی جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کرتارپور راہداری سے متعلق پاک۔بھارت تکنیکی ماہرین کا اجلاس منگل کو کرتارپور راہداری کے زیرو پوائنٹ میں منعقد ہوا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا۔ فریقین نے زیرو پوائنٹ کا مشترکہ سروے کیا اور اختتامی روڈ اور ہائی فلڈ لیول سمیت تکنیکی تفصیلات سے متعلق امور پر بحث کی۔ دونوں ملکوں نے بعض تکنیکی پہلوئوں و تفصیلات پر اتفاق کیا اور توقع ظاہر کی کہ دیگر طریقہ کار کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ کرتارپور راہدای کو آپریشنلائز کرنے کی غرض سے اگلا اجلاس 2 اپریل کو واہگہ میں منعقد ہو گا۔