کرسمس اور نیو ایئر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں،سی پی او ملتان

147

ملتان۔ 22 دسمبر (اے پی پی):سی پی او ملتان صادق علی نے کرسمس اور نیو ایئر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق جمعہ کے روزسی پی او نے یہاں پولیس لائنز میں ضلع ملتان کے پولیس افسران کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی۔ ضلع ملتان میں جرائم کی موجودہ صورتحال اور پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

سی پی او نےتمام افسران کو جرائم پر قابو پانے، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور کرائم کنٹرول کرنے کے لیے بہترین حکمت عملی سے کام کریں،مؤثر پٹرولنگ کی جائے،کرائم پاکٹس پر خصوصی توجہ دی جائے اور کسی بھی وقوعہ کی صورت میں فوری ریسپانڈ کیا جائے۔

سی پی او نے کہا کہ کریمنل گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے اور ان کو گرفتار کر کے مال مسروقہ برآمد کیا جائے،موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لیے موٹر سائیکل چوروں کو ٹریس کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔سی پی او نے ضلع کی تمام ڈویژنز میں سی آئی اے کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کو گرفتار کریں ،جو اشتہاری بیرون ملک فرار ہیں ان کے ریڈ وارنٹ جاری کروا کر انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچایا جا سکے۔سی پی او نے کہا کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں سرچ آپریشنز کریں اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھجوائیں، تفتیش کے معیار کو بہتر بنائیں اور زیر تفتیش مقدمات کو بروقت میرٹ پر یکسو کیا جائے ۔

انہوں نے پولیس سٹیشنز میں جاری تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ مہذب طریقے سے پیش آیا جائے، ان کے مسائل کے حل کیے جائیں اور انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا ، کرپشن کی شکایت پر سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سی پی او نے کہا کہ کرسمس اور نیو ائیر پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں ،کرسمس کے حوالے سےاقلیتی برادی سے سے ملاقات کی جائے اور جہاں جہاں ان کے تحفظات ہیں دور کیے جائیں۔انہوں نے کہا کرسمس اور نیو ایئر کے مواقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں،دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر موثر سرچ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں، شہرکے داخلی اورخارجی راستوں پر موثر مانیٹرنگ اور چیکنگ کی جائے،ہوٹل،سرائے،بس اڈے وغیرہ پر بھی سرچنگ کی جائے،اردگرد کے ماحول، مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔