کرسمس کے باعث فیصل آباد ریجن کے 339چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل،5ہزار پولیس اہلکار تعینات

146
کرسمس کے باعث فیصل آباد ریجن کے 339چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل،5ہزار پولیس اہلکار تعینات

فیصل آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی):مسیحی برادری کی کرسمس تقریبات کے خوشگوار، پر سکون اور پر امن ماحول میں انعقاد کیلئے فیصل آباد کے 259، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 70، جھنگ کے 8 اور چنیوٹ کے 2گرجا گھروں سمیت فیصل آباد ریجن کے 339چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جہاں پولیس افسران سمیت 5ہزارسے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ترجمان کے مطابق کرسمس کی تمام تقریبات کے انٹری مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں جہاں ہر شخص کو داخلے پر چیکنگ کروانا ہو گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر سپیشل برانچ، کوئیک رسپانس فورس اور انٹی ٹیرر سٹ فورس کا عملہ بھی ہائی الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ چرچز کے قرب و جوار کے علاقوں کا گشت جاری رکھے گا۔

انہوں نے بتایاکہ کرسمس کے ساتھ ساتھ نئے سال کی تقریبات کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ آج ڈولفن فورس، محافظ پولیس، ایلیٹ فورس کی گاڑیاں پٹرولنگ کے علاوہ غیر ملکی ڈپلومیٹ مشنز، چر چز سٹاف، کرسچین مشنریز اور این جی اوز کے عملہ کی حفاظت کیلئے چوکس رہیں گی۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مسیحی برادری کے افرادکرسمس کے موقع پر اپنے بہترین مفاد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے بھر پور تعاون کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد و یگانگت کی فضا کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دریں اثنا سٹی پولیس ۱ٓفیسر فیصل آباد کیپٹن (ر)محمد علی ضیا کی ہدا یت پر کرسمس کے موقع پرفیصل آبادمیں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی کو ہا ئی الرٹ کر دیا گیاہے جبکہ اس حوالہ سے 4 ہزار289پولیس ملازمین وافسران کی تعیناتی کی گئی ہے جس کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے 214 خصوصی ناکہ جات بھی لگا ئے جائیں گے۔

سٹی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلعی پولیس کی طرف سے امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات عمل میں لا ئے گئے ہیں جس کے تحت ضلعی پولیس کی طرف سے سکیورٹی پلان کی تیاری عمل میں لا ئی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈولفن اور ایلیٹ فورس کے علاوہ پولیس کی موبائل ٹیموں کی جانب سے چرچ ہائے کے گرد و نواح میں مسلسل گشت کیا جائے گاجبکہ اس موقع پر ٹاؤن ایس پیز سمیت دیگر ذمہ داران سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ملازمین کی چیکنگ بھی عمل میں لائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس کے ساتھ ساتھ متعلقہ تھانوں کی موبائلوں کو بھی مسیحی آ بادیوں اور چرچز کے گرد ونواح میں گشت پر مامور کیا گیا ہے۔