کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ کے بعد بھی بین الاقوامی فٹ بال جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار

166
کرسٹیانو رونالڈو 200بین الاقوامی فٹ بال میچ کھیلنے والے پہلے فٹبالر بن گئے

لزبن۔21ستمبر (اے پی پی):پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے بعد بھی بین الاقوامی فٹ بال میں اپنا کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں، امید ہے کہ یورپین فٹ بال چیمپئن شپ 2024ء میں اپنے ملک کی نمائندگی کروں گا۔ 37 سالہ شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے حال ہی میں ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائر ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

رونالڈو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امید ہے آئندہ مزید چند سال تک اپنا کھیل جاری رکھوں گا، میں ابھی بھی پر عزم اور پرامید ہوں ، قومی ٹیم میں میرا سفر ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال فٹ بال ٹیم میں بہت سے معیاری نوجوان کھلاڑی ہیں، میری خواہش ہے ورلڈ کپ اور یورپی چیمپئن شپ میں شرکت کر سکوں۔ پرتگال کے سٹرائیکر کھلاڑی 2024ء میں ہونے والی چیمپئن شپ میں 39 سال کے ہو جائیں گے۔

انہوں نے 2016ء کی یورپین چیمپئن شپ میں اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پرتگال فٹ بال ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 24 نومبر کو گھانا کے خلاف کھیلے گااس کے بعد اس کا مقابلہ دو بار کی ورلڈ چیمپئن یوروگوئے کے ساتھ ہوگا۔