کرناٹک کی نہتی خود دار لڑکی نے غنڈا گردی کو جس طرح للکارا وہ اپنی مثال آپ ہے،اکھنڈ بھارت کی سوچ نے گاندھی اور نہرو کے سیکولر ہندوستان کو مسخ کر دیا،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تقریب سے خطاب

93

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرناٹک کی نہتی، خود دار لڑکی نے غنڈا گردی کو جس طرح للکارا وہ اپنی مثال آپ ہے،اکھنڈ بھارت کی سوچ نے گاندھی اور نہرو کے سیکولر ہندوستان کو مسخ کر دیا۔کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔

جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی یہ تصویری نمائش ان سنگین مظالم کا نقشہ پیش کر رہی ہے جو مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جا رہے ہیں،آج کے دور میں آپ حقائق کو چھپا نہیں سکتے۔ہندوستان ڈس انفارمیشن پھیلا سکتا ہے، غیر جانبدار مبصرین کو داخل ہونے سے روک سکتا ہے لیکن سچ کو باہر آنے سے نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا نے نئے معیار متعارف کروا دیئے ہیں۔کرناٹک میں ایک نہتی، خود دار لڑکی نے غنڈا گردی کو جس طرح للکارا وہ اپنی مثال آپ ہے۔اس تنہا لڑکی کی آواز نے دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کی سوچ نے گاندھی اور نہرو کے سیکولر ہندوستان کو مسخ کر دیا۔ہندتوا پالیسی کس قدر تباہی کا باعث بن رہی ہے اس کے بارے میں ان لاکھوں کشمیریوں سے پوچھیے جو ایک مدت سے اس کا سامنا کرتے چلے آ رہے ہیں، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیکولر سوچ کا اکثریت کی حکمرانی کی سوچ میں تبدیل ہونا بہت سے خطرات کا موجب ہے،اس ہندتوا سوچ کے خلاف ردعمل سامنے آ رہا ہے جس کی ایک جھلک آپ ہندوستان کے اندر سے اٹھنے والی آوازوں سے لگا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ایک بڑا طبقہ اور لوک سبھا کے اندر اپوزیشن، اس نظریاتی تغیر کے خلاف آوازیں اٹھا رہے ہیں،وہ کہہ رہے ہیں کہ اس ہندتوا سرکار نے سیکولر اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوے کو ملیا میٹ کر دیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہندوستان کے اندر سے اٹھنے والی یہ آوازیں ایک نئی تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں۔میں یقین سے کہنا چاہتا ہوں کہ آج بھارت کی نفرت انگیز پالیسیوں کی وجہ سے کشمیریوں کے دل و دماغ دہلی سے بہت دور جا چکے ہیں،آج انصاف کے حصول کیلئے ان کی نگاہیں دہلی کی طرف نہیں لگی ہوئیں بلکہ وہ اس جبرو استبداد کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں،

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے اقتصادی مفادات بعض اوقات لوگوں کو خاموش رہنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔لیکن سچ ہمیشہ عیاں ہو کر رہتا ہے۔میری رائے میں حق خودارادیت کی یہ جدوجہد کامیابی سے ضرور ہمکنار ہو گی، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی اس جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔