کرپشن کے خاتمہ کے لئے فوری بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے، ممبر سینٹرل زو ن این ایچ اے

11

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):ممبر سینٹرل زون نیشنل ہائی وے اتھارٹی افتخارساجد نے کہا ہے کہ اداروں کی کارکردگی کو شفاف بنانے اور کرپشن کے خاتمہ کے لئے فوری بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے، کرپشن جیسے ناسور کے خاتمہ کیلئے جذبہ ایمانی سے سرشار ہونے کی ضرورت ہے تاکہ نیب پاکستان کی کوششوں کو نکھار مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرپشن سے پاک پاکستان کے موضوع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این ایچ اے کے جنرل منیجرز اور اعلیٰ افسران سمیت اہلکاروں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ محمد عمران ڈائریکٹر کوآرڈنیشن این ایچ اے ایونٹ چیئر پرسن تھے

جبکہ محمد وسیم ڈائر یکٹر لیگل این ایچ اے، عمران سہیل ڈائریکٹر نیب، رابعہ اکرام ڈپٹی ڈائریکٹر نیب،عطیہ عظمت ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب سمیت دیگر مقررین بھی شامل تھے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ حکومت پاکستان اڑان پاکستان مشن کو حقیقی معنوں میں پروان چڑھائے اور نیب پاکستان اور این ایچ اے مل کر باہمی طور پر عوام الناس اور خصوصاً ملازمین میں کرپشن کے خاتمہ کے متعلق آگاہی دیں ،اس طرح اسلامی تعلیمات کے مطابق کرپشن سے پاک پاکستان کا خواب شر مندہ تعبیر ہو سکے گا، اس موقع پر این ایچ اے اور نیب کے افسران نے سوینئرز اور شیلڈز کا تبادلہ کیا ۔