کینبرا۔30دسمبر (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) کی سلیکشن کمیٹی نے بھارت کے خلاف جاری چار میچوں کی سیریز کے آخری دو میچز کے لئے قومی 18رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ول پوکوسکی کو آخری دو ٹیسٹ کے لئے آسٹریلوی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ اوپننگ بلے باز جو برنز کو خراب کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے ۔ ڈیوڈ وارنر کی شمولیت آسٹریلین ٹیم کے لئے خوش آئند ہے۔ فاسٹ بائولر شان ایبٹ کو بھی فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ سلیکٹر ٹریور ہونس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈیوڈ نے انجری سے صحت یاب ہونے میں بہت بہتر پیشرفت کی ہے اور ابھی تیسرے میچ تک مزید سات دن باقی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ڈیوڈ وارنر 7جنوری تک مکمل طور پر میچ کھیلنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوبرنز کی دو نوں ٹیسٹ میچز میں مسلسل بری کارکردگی پر مایوسی ہوئی اور وہ سلیکٹر کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شان ایبٹ کے اضافے سے آسٹریلیا کا باؤلنگ اٹیک مزید مضبوط ہوگا۔ آخری دو ٹیسٹ میچز کے لئے آسٹریلوی ٹیم ٹم پین (کپتانی)، ڈیوڈ وارنر ، شان ایبٹ ، پیٹ کمنز ، کیمرون گرین ، مارکس ہیریس ، جوش ہیزل ووڈ ، ٹریوس ہیڈ ، موائسز ہینریکس ، مارنس لیبشوگین ، نیتھن لیون ، مائیکل نیزر ، جیمز پیٹنسن ، ول پوکووسکی ، سٹیو ن سمتھ ، مچل سٹارک ، مچل سویپسن اور میتھیو ویڈ پر مشتمل ہے ۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 7 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر شروع ہوگا