حافظ آباد۔ 04 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کیلئے نوجوان نسل کا جدید تعلیم کا حصول بہت ضروری ہے۔ آج کے جدید دور میں طلباء و طالبات کو ماضی کے نظام تعلیم سے مختلف نئے نظام تعلیم کے تحت کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ جیسی جدید تعلیم کے حصول کو یقینی بنانا ہو گاکیونکہ آنے والے وقت میں ایس ہی جدید تعلیم،ہنر اور قابلیت کی ضرورت ہو گی۔ ڈسٹرکٹ پبلک سکول حافظ آباد کا ایک واحد ادارہ ہے جہاں طلباء و طالبات کو ایک معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انکی شخصیت اور کردار سازی کو بھی بہتر بنانے کا کام کیا جا تا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پبلک سکول کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ پرنسپل محمد زمان چیمہ،بورڈ آف گورنر کے اراکین چودھری فلک شیر چٹھہ، کرنل علی احمد اعوان،شیخ نجم السلام،پروفیسر محمد ایوب طاہر، شفقت حسین تارڑ، عمر ان حبیب، میڈم گلناز، شیخ فیصل اسحا ق، ثاقب اقبال رتو سمیت اساتذہ،بچوں کے والدین اور معززین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت تھی۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ دنیا میں جیتنے بھی ترقی یافتہ ممالک کے لوگوں نے ترقی کی انہوں نے اپنے نظام تعلیم کو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل کیااور آج ہمیں بھی ضرورت ہے کہ ہم ماضی کے نظام تعلیم کی بجائے اپنے بچوں کو سائنس، میڈیکل، آئی ٹی، انجینئرنگ سمیت دیگر ایسی تعلیم دلوائیں جس کی آنے والے وقتوں میں ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے سکول کے بچوں،اساتذہ اور شہریوں سے ستھر ا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے حوالے سے اپیل کر تے ہوئے کہا کہ اپنے گھروں، گلی، محلوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پور ی کریں۔جگہ جگہ کو ڑاکرکٹ مت پھینکیں۔ کوڑا اورکچرا وغیرہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے رکھنے جانے والے کنیٹرز میں پھینکیں تا کہ ہمار ا شہر، گلی،محلے اور بازار صاف ستھرے اور خوبصورت رہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور دیگر بورڈ آف گورنر نے پوزیشن ہولڈرز بچو ں میں انعامات تقسیم کیے۔سکول کے بچوں نے افواج پاکستان سے یکجہتی اور وطن سے محبت کے اظہار میں مختلف ٹیبلوز بھی پیش کیے۔