ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن ایک بڑی رکاوٹ ہے،معاشرتی اقدارکا زوال کرپشن کی شرح بڑھاتا ہے،وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پیغام

391
قوم آج پاکستان کے بانیوں کو ان کی سیاسی دانشمندی اور علیحدہ وطن کے لیے انتھک جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے،وزیر اعظم کا یوم پاکستان کے موقع پر ٹویٹ

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن ایک بڑی رکاوٹ ہے، کرپشن کسی بھی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے اسکی معاشی و انتظامی تباہی کا باعث بنتی ہے، معاشرتی اقدار کا زوال کسی بھی معاشرے میں کرپشن کی شرح بڑھاتا ہے۔

جمعہ کو انسدادِ کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ 2022 میں انسدادِ کرپشن کے عالمی دن پر کرپشن کے کسی بھی ملک کی سلامتی، امن اور ترقی سے براہِ راست تعلق کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ کرپشن سے ملک و قوم کا قیمتی پیسہ نہ صرف شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے ملک کا امن تباہ ہوتا ہے بلکہ اس سے ادارے کمزور اور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے۔

آج کا دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم سب پاکستانی مل کر کرپشن سےجنگ میں سرخرو ہوں۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ 2013 سے 2018، مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں ناصرف ملک میں کرپشن کی شرح نیچے آئی، جس کی گواہ بین الاقوامی ادارے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے انڈیکس ہیں،

بلکہ وفاقی اور صوبہ پنجاب کی سطح پر اربوں ڈالر کے سی پیک اور دوسرے ترقیاتی منصوبے شروع کرکے پایہ تکمیل تک پہنچائے مگر کوئی بھی ان میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکا۔آج کے انسدادِ کرپشن دن پر میں اس بات پر بھی زور دونگا کہ پاکستان کی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا،

گزشتہ دور میں جس طریقے سے کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا اسکی مثال نہیں ملتی، کرپشن کو ذاتی انتقام کی بھینٹ چڑھانے کیلئے آلے کے طور پر استعمال کیا گیا، اس روایت کو ختم ہونا چاہیے تاکہ اداروں کو محض کرپشن کے نام پر استعمال کرنے کی بجائے صحیح معنوں میں ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے اداروں کو مضبوط کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کرپشن ایک بہت بڑا قومی مسئلہ ہے، ہمیں اپنی سیاسی گفتگو میں بھی اس بات کا دھیان رکھنے کی ضرورت ہے کہ اس کو سیاسی نعرے بازی اور پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کی بجائے سنجیدگی سے اس کے ملک سے کرپشن کے سد باب کے اقدامات پر مل کر کام کریں۔ کرپشن کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی حلقوں کو مل کر ایک واضح روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیاسی بیان بازی کی بجائے اسکا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک سے کرپشن کی کمی کیلئے ملکی اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، سماجی تحفظ اور معاشرتی اقدار کے ساتھ ساتھ قانون کی بالادستی یقینی بنانی ہوگی،قائد کے کرپشن سے پاک پاکستان کے حصول کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تب ہی پاکستان ترقی کے سنگِ میل عبور کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ آئیں انسدادِ کرپشن کے اس عالمی دن پر عہد کریں کہ ہم مل کر اس خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔