اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان کو پیغام ہے کہ ملک کو چلنے دیں ، کسی کو بھی پاکستانی کرنسی سے کھیلنے نہیں دیں گے۔بدھ کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پرسوں رات واپسی ہوئی اور کل بھی کوشش کی تھی کہ عدالت آئوں لیکن جج صاحب رخصت پر تھے۔
عمران خان کی جانب سے ڈیل کر کے پاکستان آنے سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا ہم کسی ڈیل پر کوئی یقین نہیں رکھتے، کسی ڈیل کے تحت نہیں آیا، ڈیل کی باتیں کرنے والے بتائیں کیا انہوں نے مجھے پاسپورٹ جاری کیا تھا؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں سفارت خانوں اور ہائی کمیشن کو منع کر دیا گیا تھا کہ مجھے پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے، عمران خان کو پیغام ہے کہ ملک کو چلنے دیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے اپنی کوشش کی اور ان کی کوشش سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا، مفتاح اسماعیل ہماری ٹیم کا حصہ تھے اور ہیں ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ تین سال کا گند چار ماہ میں درست نہیں ہو سکتا تھا، پاکستان 30 سال پیچھے چلا گیا ہے اوراس وقت معاشی مسائل سے دوچار ہے، عمران خان کی حکومت نے اس ملک کا وہ برا حال کیا جو دشمن بھی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سالوں میں معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا، گزشتہ حکومت نے سیاسی فائدہ لینے کے لیے عالمی معاہدوں سے انحراف کیا، یہ کہا گیا کہ آنے والوں کے لیے بارودی سرنگ بچھا دی گئی ہے لیکن ہم معیشت کو بہتر کریں گے۔سینٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ آپ مسلم لیگ ن کی تاریخ دیکھیں، ہم نے پہلے بھی چار سال روپے کو مستحکم رکھا تھا، جب مسلم لیگ ن نے حکومت چھوڑی معیشت مستحکم تھی، مسلم لیگ کے دور میں تین دھرنوں کے باوجود معیشت نے ترقی کی، اگر پاکستان اسی ڈگر پر چلتا تو پاکستان بڑی معیشت بننےجارہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں چیلنجز درپیش ہیں، ہم نے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیا نے پابندیاں لگائیں ، معیشت کی بہتری کے لیے آپ ہمیں ٹائم دیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کی کرنسی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، روپے کی قدر بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے، ہم نے 2013 میں بھی ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا تھا، ہماری پوری کوشش ہو گی کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کریں اور روپے کو مستحکم کریں۔