کشمیر جیسے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعات کے سیاسی حل پر پیش رفت کی ضرورت ہے ، پاکستان

102

اقوام متحدہ۔16فروری (اے پی پی):پاکستان نے کشمیر جیسے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعات کے سیاسی حل پر پیش رفت کا مطالبہ کیا ہے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سپیشل کمیٹی آن پیس کیپنگ مشنز کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک خاص طور سے سلامتی کونسل کے ارکان مسلسل توجہ دے کر ایسے تنازعات کے سیاسی حل کے لئے معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر اس کی ایک مثال ہے جس کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے گزشتہ کئی عشروں سے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین تعینات ہیں۔ان مبصرین کی طرف سے اس مسئلہ کا منصفانہ حل خطے اور باقی دنیا میں پائیدار امن کے فروغ میں اہم کردار کرے گا۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ امن مشنز کی تعیناتی کے بعد تنازعات کے سیاسی حل کی طرف پیش رفت نہایت موثر طریقہ ہو سکتاہے۔

بین الاقوامی سلامتی کو درپیش خطرات کی وجوہات سیاسی ہوتی ہیں اور ان کو آخر کار سیاسی طور پر ہی حل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئے افراد قوت فراہم کرنے والے ایک بڑے ملک کی حیثیت سے پاکستان ان امن مشنز کی کامیابی کا خواہاں ہے۔

پاکستانی مندوب نے اس موقع پر امن مشنز کے عملہ کی جدید انداز میں تربیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان منشنز میں خواتین کا تناسب بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس حوالہ سے اپنے تئیں مناسب اقدامات کئے ہیں۔