اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ کشمیر پر بھارتی قبضہ جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا تنازع ہے جو 74 سال سے زیر التوا ہے۔اتوار کو اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دنیا کو کشمیریوں کی آزادی، انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا تھا۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرنا اور عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھانا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے۔ شیری رحمان نے مزید کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ حکومت پاکستان اور ہر شہری آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 35A اور 370 کو منسوخ کر کے مودی حکومت نے کشمیر کو بھارت کا حصہ بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور دنیا کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کشمیر اور کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی آئین میں ترمیم سے نہیں بلکہ کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر میں مودی سرکار کے ریاستی جبر پر دنیا کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں 74 سال سے جاری بھارتی ریاستی جبر اور دہشت گردی کا سخت نوٹس لے۔