اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان جان کمال نے کہا ہے کہ کشمیر کاذ کے ساتھ پارلیمانی یکجہتی کا اظہار دنیا بھر کے لئے پیغام ہے کہ ہم سب مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہیں، کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد میں جانی و مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں، بھارتی اقدامات غیر قانونی اور انسانی حقوق کے منافی ہیں۔ بدھ کو قومی پارلیمانی کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی بڑی تعداد کوئٹہ میں بھی موجود ہے۔ بلوچستان کے عوام کشمیروں کو اپنے قریب ترین سمجھتے ہیں، 5 اگست کے واقعہ کے بعد صوبہ بلوچستان سے کشمیروں کے لئے موثر اور بھرپور آواز اٹھائی گئی اور کشمیری بھائیوں کے لئے ریلیاں نکالی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز من اجاگر کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر پاکستان کے لئے زندگی کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی کسی بھی اس عمل سے پیچھے نہیں ہٹے کا جو پاکستان کو کمزور کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کا حل نکالے گا، ہمیں مل کر پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کشمیری کی نظر پاکستان پر ہے اور پاکستان ہی کشمیریوں کو آزادی دلائے گا۔ جمال کمال نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرین صوبہ بلوچستان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں بین لا اقوامی سطح پر کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں بھرپور طریقے سے اجاگر کر کے دنیا کو آگاہی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے لئے امید کی کرن تھا اور رہے گا۔