کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ہمارے قبرستان ان شہیدوں سے آباد ہیں جنہوں نے کشمیر کیلئے اپنا لہو دیا، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی پی ٹی وی نیوز سینٹر میں غازی ملت سردار ابراہیم کی تصویر کی نقاب کشائی کے موقع پر گفتگو

81

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے کشمیر کے لئے جنگیں لڑیں، ہمارے قبرستان ان شہیدوں سے آباد ہیں جنہوں نے کشمیر کے لئے اپنا لہو دیا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں پی ٹی وی نیوز سینٹر میں غازی ملت سردار ابراہیم کی تصویر کی نقاب کشائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ غازی ملت سردار ابراہیم کی کشمیر کاز کے لئے بے شمار خدمات ہیں، ہم کشمیر کاز کے لئے قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام محبت کے گہرے رشتے سے جڑے ہیں۔

کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اقوام عالم بھی کشمیری عوام کے حق آزادی کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے کاز کی حمایت کرے۔