30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 21, 2025
ہومقومی خبریںکشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، انجینئر...

کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، انجینئر امیر مقام

- Advertisement -

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے صدر شاہ غلام قادر اور جنرل سیکرٹری طارق فاروق کی صدارت میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق وفد میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نجيب نقی، چوہدری رخسار، چوہدری سعید، سردار عمیر نعیم، رابطہ بورڈ کے چیئرمین سردار طارق اور اعتزاز شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے وفاقی وزیر امیر مقام کے حالیہ دو روزہ دورہ آزاد جموں و کشمیر کو زبردست انداز میں سراہا اور اسے یکجہتی اور حمایت کا مؤثر اظہار قرار دیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اس پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور مسئلہ کشمیر سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا آزاد کشمیر کا دوسرا دورہ تھا جو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے نے نہایت مثبت اثر ڈالا اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اپنی وابستگی پر قائم ہے۔

وفد نے کہا کہ وفاقی وزیر امیر مقام کا حالیہ دو روزہ دورہ آزاد جموں و کشمیر ہمارے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنا اور دنیا کو اتحاد کا مضبوط پیغام پہنچایا۔ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئے جذبے کے ساتھ اجاگر کیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599274

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں