کشمیری عوام اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ،وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا یوم یکجہتی کشمیر پر خصوصی ویڈیو پیغام

150

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ان کا جوش و جذبہ کم نہیں ہوا، بھارت بے قصور لوگوں کو مقابلوں میں شہید کرنے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکا، بھارتی حکومت 30 لاکھ جعلی ڈومیسائل بنا کر آبادی کا تناسب بگاڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر پراپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ برسوں سے جاری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ہندوستان کی ظالم افواج اور آرایس ایس کے غنڈے نہیں رو ک سکے، کشمیریوں نے جس طرح قربانیاں دے کر اس جدوجہد آزادی کو زندہ رکھا ہے ساری دنیا اس کا اعتراف کر رہی ہے، بھارت بے قصور لوگوں کو پولیس مقابلوں میں شہید کرنے کے باوجود کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے 30 لاکھ سےزائد لوگوں کے جعلی ڈومیسائل بنائے تا کہ اسرائیل کی طرز پر کشمیر کی آبادی کا بھی تناسب بگاڑا جاسکے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیریوں کا جوش و جذبہ کم نہیں ہوا ،وہ جان ہتھیلی پررکھ جدوجہد کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا اس بات کو تسلیم کررہی ہے کہ بھارت جو ظلم کشمیر میں ڈھا رہاہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر کہلوانے والا بھارت ساری دنیا میں انتہا پسند ہندوتوا کےنام سے جانا پہچانا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسارے عالم اسلام کی ہمدردیاں کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔