کشیدگی کو کم کرنے کے لئے پاکستان کی طرف سے تحمل کا مظاہرہ اور بھارت کے ساتھ بات چیت پر آمادگی کا اظہار قابل تعریف ہے، چینی وزارت خارجہ

80
امریکا چینی اداروں اور شہریوں پر بلاجواز جبربند کرے، چین

بیجنگ۔ 07 مارچ (اے پی پی) چین نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے دھماکے میں بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کے بعد دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے پاکستان کی طرف سے تحمل کا مظاہرہ اور بھارت کے ساتھ بات چیت پر آمادگی کا اظہار قابل تعریف ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین کے نائب وزیر خارجہ کانگ شوان یو نے بھی دورہ پاکستان کے دوران چین اور پاکستان کو سدا بہار دوست اور ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کرنے والے سٹریٹجک پارٹنر قرار دیا ہے۔ چینی وزیر نے مزید کہا کہ پلوامہ واقعہ جس نے دو ہمسایہ ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی می بے حد اضافہ کر دیا تھا کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر چین نے گہری نظر رکھی اور اس صورتحال میں پاکستان نے شروع سے آخر تک جس تحمل کا مظاہرہ کیا اور کشیدگی کو کم کرنے کے لئے بھارت کے ساتھ مذاکرات پر تسلسل کے ساتھ زور دیا اسے قابل تعریف پایا۔