راولپنڈی۔ 16 اپریل (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے راولپنڈی میں آندھی طوفان اور شدید ژالہ باری کے بعد فوری ایمرجنسی اجلاس بلایا۔ اجلاس میں ریسکیو، سول ڈیفنس و دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر الرٹ رہنے اور فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ خود امدادی ٹیموں کی نگرانی کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ اس آندھی و طوفان کے نتیجے میں مختلف علاقوں سے گاڑیوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم کوئی جانے نقصان تاحال رپورٹ نہیں ہوا۔انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ژالہ باری کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واسا کو نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوام کو محفوظ راستے فراہم کرنے کے لیے چوکنا رہنے کو کہا۔ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ نالہ لئی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، جہاں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 4 فٹ ہے، جو فی الحال معمول کے مطابق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ تین گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہری احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583143