23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںکمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کا واہ جنرل ہسپتال کا دورہ

کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کا واہ جنرل ہسپتال کا دورہ

- Advertisement -

راولپنڈی۔26اگست (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے واہ جنرل ہسپتال کا دورہ کیا ، اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن سید نذارت علی، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر راولپنڈی محمد شاہد رانا، اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا سلمان اکبر، سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر اعجاز احمد سمیت محکمہ صحت، تعلیم، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر راولپنڈی نے ہسپتال میں منشیات کے عادی افراد کے لیے قائم پوٹھوار رہیب سنٹر کا دورہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے منشیات سے عادی لوگوں کو نشے کی لت سے پاک کرنے کی کوشش پر محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر ، تعلیم، ایکسائیز سمیت باقی محکموں کی کاوش کو سراہا، بعد ازاں کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں پوٹھوار رہیب سنٹر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

- Advertisement -

انہیں بتایا گیا کہ پوٹھوار رہیب سنٹر آغاز میں 50 بیڈ پر مشتمل تھا جس کو 100 بیڈ تک بڑھا دیا گیا ہے، اب تک 200 سے زیادہ افراد کی کونسلنگ کر کے علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، اس وقت ہسپتال میں 19 نشے کے عادی افراد کا علاج جاری ہے، ان مریضوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے، علاج کے علاوہ کھانا بھی مفت دیا جاتا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان مریضوں کے لیے ماہر نفسیات کی خدمات بھی لی گئی ہیں، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر راولپنڈی محمد شاہد رانا نے بتایا کہ ہفتہ وار روزانہ کی بنیاد پر ادارہ سوشل ویلفئیر کے آفیسر منشیات کے عادی افراد کی کونسلنگ کرتے ہیں اور ان کے اہلخانہ کو رہنمائی بھی فراہم کرتے ہیں، کمشنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ نشے کے عادی افراد کو راہ راست پر لانا صدقہ جاریہ ہے، انسانیت کی خدمت ہمارا اولین فرض ہے ، ہماری ذمہ داری ہے کہ معاشرے کو نشے کی لت سے پاک کریں۔

انہوں نے کہا واہ جنرل ہسپتال میں منشیات کے عادی افراد کی ری ہیبلیٹیشن کے لیے تمام متعلقہ محکمے منظم انداز سے کام کر رہے ہیں ۔رہیب سنٹر کے قیام کا مقصد قیمتی جانوں کو محفوظ بنانا ہے، محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیئر اور ایکسائز کے اہلکار کونسلنگ کا کام کر کے نشے کے عادی افراد کو معاشرے کا باعزت شہری بنانے میں تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔نیک نیتی سے جب کام کیا جاتا ہے تو نتائج ہمیشہ مثبت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا تمام تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات مہم کے حوالے سے بینر آویزاں کیے جائیں، لوگوں کو پمفلٹ اور بینرز کے ذریعے انسداد منشیات کے حوالے سے قائم پوٹھوار رہیب سنٹر کے بارے میں آگاہی دی جائے، کمشنر راولپنڈی نے میڈیکل پیشہ سے وابستہ ڈاکٹرز اور سٹاف کو دکھی انسانیت کی خدمت کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہمی کی تاکید کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382767

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں