کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیرصدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے اجلاس

83

راولپنڈی۔28اپریل (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے انسپکشن کا عمل مزید تیز کیا جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔ اجلاس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع راولپنڈی میں کی گئی انسپکشنز کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق تحصیل گوجر خان میں 3758، تحصیل کہوٹہ میں 2082، تحصیل کلر سیداں میں 1154، تحصیل راولپنڈی کینٹ میں 3120، تحصیل راولپنڈی صدر میں 2101 اور تحصیل ٹیکسلا میں 2117 انسپکشنز کی گئیں۔

مجموعی طور پر ضلع بھر میں 19774 انسپکشنز مکمل کی گئیں۔ انسپکشنز کے دوران اوور چارجنگ کے متعدد کیسز سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کینٹ میں 20، راولپنڈی شہر میں 21 اور راولپنڈی صدر میں 9 مقدمات درج کیے گئے۔ راولپنڈی شہر میں اوور چارجنگ پر 25000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ تین دکانوں کو سیل کیا گیا اور متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ انسپکشنز کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلائی جا سکے۔