سرگودھا ۔ 29 جنوری (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن، سوشیو اکنامک رجسٹری، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی آپریشن، دھی رانی پروگرام اور جنگلات میں لکڑی کی چوری کی روک تھام بارے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ چھوٹے بڑے شہروں میں بازاروں اور بڑی شاہراہوں کی نشاندہی کر کے روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلی پنجاب کے وژن "تجاوزات سے پاک پنجاب” کے تحت آپریشن جاری ہے۔تحصیل سطح پر ریڑھی بازار قائم کر کے جگہ جگہ لگی ریڑھیوں کو ایک جگہ منتقل کیا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں پختہ تجاوزات کو مسمار اور دکانوں کے سامنے لگے فالتو شیڈز ہٹائے جا رہے ہیں۔ تحصیل سطح پر تاجروں اور انتظامی افسران پر مشتمل انسداد تجاوزات کمیٹیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کروایا جائے۔ تاجروں کو مائل کریں کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کریں اورعدم تعاون کی صورت میں ان کےخلاف کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنرز نے سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت رجسٹریشن، حاصل ہداف اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔ ویسٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ بارے بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم فروری سے چاروں ضلع میں صفائی آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔ اس وقت تک کنٹریکٹرز افرادی قوت اور مشینری پوری کر لیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو کنٹریکٹرز کو متحرک کرنے کی ذمہ داریاں تقویض کی گئی ہیں۔
کمشنر نے خوشاب کی تحصیل نوشہرہ میں جنگلات میں چوری کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جنگلات میں آگ لگنے اور چوری روکنے کے لیے مقامی افراد کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا نے وزیر پنجاب کے دھی رانی پروگرام کے تحت 31 جنوری کو سرگودہا میں 70 جوڑوں کی اجتماعی شادی کے پروگرام انتظامات بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، سی ای او سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال زیبا عندلیب کےعلاوہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز و دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553296