کمشنر فیصل آباد نے بوائلرز میں ممنوعہ مواد بطور ایندھن جلانے والے یونٹس کومسمار کرنے کی ہدایت

73
Salut Saeed
Salut Saeed

فیصل آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آبادسلوت سعید نے سموگ کی روک تھام ہر حال میں یقینی بنانے کیلئے چھوٹے بڑی صنعتی یونٹس کے بوائلرز میں ممنوعہ مواد بطور ایندھن جلانے والے یونٹس کے بوائلر کی تعمیرات مسمار کرنے کی ہدایت کردی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھیں جبکہ محکمہ زراعت کو کسانوں کو سپر سیڈر کی فراہمی کے بعد اب تک فصلوں کی باقیات کو جلانے کے واقعات کی تفصیلات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جس کے ساتھ ساتھ پی ایچ اے کو درختوں وپودوں کی واشنگ کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

ایک اہم اجلاس کے دوران کمشنرنے کہا کہ ہسپتالوں میں سموگ کے ممکنہ متاثرہ مریضوں کے فوری علاج میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں انسداد سموگ اقدامات میں کسی بھی لمحہ نرمی نہیں آنی چاہیے اور افسران کارروائیوں کا تسلسل برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہرات پر پانی کے چھڑکاؤ کے بعد سویپنگ کریں جبکہ کوڑا جلانے والے جیل جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کو صفائی یقینی بنانے اور کوڑا جلاکر ماحول آلودہ کرنے والوں کی نشاندہی کیلئے متحرک کیاجائے۔کمشنر فیصل آباد سلوت سعیدنے کہا کہ وہ ڈویژن کو سموگ فری بنانے کیلئے فرنٹ فٹ پرہیں۔

انہوں نے اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر)ندیم ناصر،دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصوراحمد خان نیازی،ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول جوہر عباس رندھاوا،سی ٹی او فرحان اسلم،سیکرٹری آرٹی اے ہمایوں سیال ودیگر افسران سے سموگ قوانین کی خلاف ورزیوں پر کئے گئے ایکشنز پر بریفنگ لی اورکہا کہ یونین کونسلز کی سطح پر تشکیل دیئے گئے سکواڈز کی بدولت مانیٹرنگ اور ایکشن سے واضح فرق پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیکنگ سکواڈ ڈے اینڈ نائٹ فیلڈ میں سرگرم رہنا چاہیے۔انہوں نے اینٹوں کے بھٹوں کی جیو ٹیگنگ ہونے کے بارے میں دریافت کیااور کہا کہ محکمہ ماحولیات اور اربن یونٹ کے نمبر میں فرق کو کلیئرکریں۔کمشنر نے کہا کہ شاہرات پر دھواں دینے والی وہیکلز کو تھانوں میں بند اورفٹنس کے بغیر سپرداری نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ وکس سنٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجراکی تفصیل آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔