کمشنرکی زیر صدارت تحصیل کوٹمومن اورسرگودہا میں ستھراء پنجاب پروگرام کے تحت صفائی آپریشن کے حوالے سے اجلاس

142

سرگودھا ۔ 19 فروری (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب عوان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں تحصیل کوٹمومن اور سرگودہا میں سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی آپریشن بارے بریفنگ دی گئی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ تحصیل کوٹمومن کو 25 دیہی یونین کونسلوں اور 15 اربن وارڈز میں تقسیم کر کے بھرپور انداز میں صفائی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

کنٹریکٹر کی جانب سے 304 ورکرز اور 89 مشینری کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ اسی طرح تحصیل بھر میں مختلف مقامات پر 348 بڑے، چھوٹے کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تحصیل بھر کیلئے ایک جامع صفائی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ گھر گھر سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کے علاوہ کمرشل مقامات کی صفائی و جھاڑو وغیرہ کو بھی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مکینیکل سویپنگ کے ساتھ، سڑکوں کی دھلائی بھی کی جا رہی ہے۔ تحصیل کوٹمومن میں چار عارضی ڈمپنگ سائٹس اور دو لینڈ فلتھ سائیٹس بنائی گئی ہیں۔ کمشنر جہانزیب اعوان کو تحصیل سرگودہا میں ایس ڈبلیو ایم سی کے اب تک کے صفائی آپریشن بارے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ تحصیل بھر میں تمام 62 سپروائزرز کی بھرتی مکمل کر لی گئی ہے۔ 231 ڈرائیور ، 1150 سینیٹری ورکرز اور 25 ہیلپرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ جبکہ مزید سینٹری ورکرز کی بھرتی بھی کی جا رہی ہے۔

کمپنی نے تحصیل بھر کی صفائی کے لئے پلان کئے گئے ریسورسز کا 80 فیصد سٹاف اور مشینری حاصل کر لی ہے۔ کمشنر نے ورکرز کو ادائیگیوں کے طریقہ کار بارے آگاہی لیتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں حکومت کی مقرر کرتا تنخواہ بذریعہ بینک ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نے شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لیے اربوں روپے کے وسائل مختص کیے ہیں جن کے ثمرات عام شہری تک پہنچنے چاہئیں اور ایس ڈبلیو ایم سی کے قیام سےفرق شہریوں کو نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے ورکرز کے ٹریننگ سیشن کروانے کے علاوہ مانیٹرنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل منیجر آپریشن کا اس سلسلے میں اہم کردار ہے، ہر زون میں سپیشل گینگ بھی تشکیل دیے جائیں اور موصولہ شکایات کا ایک گھنٹے کے اندر ازالہ کیا جائے انہوں نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر عرصہ دراز سے پڑے کوڑے کے ڈھیروں کو اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے عوام الناس اور خصوصاً تاجروں میں صفائی شعور کو اجاگر کرنے کی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں معمول کی صفائی کے ساتھ "ایک دفعہ مکمل صفائی” مہم بھی شروع کی جا رہی ہے، جس کے دوران شہری و دیہی علاقوں میں عرصہ دراز سے موجود روڑیاں ہٹائی جائیں گی ۔

بریفنگ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن یاسر بھٹی،سی او ایم سی عمر فاروق ، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا سید اسد عباس شیرازی، اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن مہتاب خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا کے علاوہ دونوں تحصیلوں کے آپریشن مینیجر و دیگر افسران شریک تھے۔