سرگودھا۔ 07 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرصدارت گندم آگاؤ مہم کا جائزہ اجلاس ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اب تک 17 لاکھ 11 ہزار 536 ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جبکہ ڈویژن کے لئے ہدف 17 لاکھ 40 ہزار ایکڑ ہے اس طرح 98 فی صد ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔ کمشنر نے گندم کی بوائی کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کی فوڈ سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کسانوں کو ہر ممکن سہولیات یقینی بنا رہی ہے جس میں معیاری بیج، کھاد، زرعی ادویات اور نہری پانی کی مسلسل فراہمی شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف نے کسانوں سے قریبی رابطہ رکھ کر اور فارمرز میٹنگ کے مسلسل انعقاد سے کسانوں کو گندم کاشت کی ترغیب دی جو لائق تحسین ہے۔
جہانزیب اعوان نے زراعت افسران و فیلڈ اسٹاف پر زور دیا کہ وہ گندم بوائی کے باقی دنوں میں اسی جذبے سے کام کریں اور کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھ کر گندم اگائی میں درپیش مشکلات کو فوری حل کریں تاکہ بوائی کا ہدف باآسانی حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کے لئے شروع کی گئی سکیموں بارے زیادہ سے زیادہ آگہی دی جائے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن میں 2 لاکھ 94 ہزار پانچ سو ایکڑ رقبہ پر کماد کاشت کیا گیا اور اب تک 26 ہزار 195 ایکڑ رقبہ کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے۔ ڈویژن بھر کی تمام ساتوں شوگر ملز فنکشنل ہیں ۔
جس کی کریشنگ اور سٹاک کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین، انہار افسران کے علاؤہ کاشتکار نمائندوں سمیت خوشاب ،میانوالی اور بھکر کے انتظامی و زراعت آفسران نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=533267